وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، تباہ کن سیلاب کے دوران جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ اس موقع پرامریکی سفیر نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر نے امریکی سفیر کو حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور حکومت کی جانب سے ابھی تک کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے نہ صرف جانی نقصان ہوا ہے بلکہ ملک کے انفراسٹرکچر کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جس کی بحالی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر کے ذریعے اپنے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو بڑھاتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، تباہ کن سیلاب کے دوران جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار