انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی، لیوک ووڈ مین آف دی میچ قرار

کراچی۔ انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلش ٹیم نے پاکستان کا 159 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری بال پر حاصل کرلیا، ایلکس ہیلز نے 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، اپنا ڈیبو میچ کھیلنے والے لیوک ووڈ کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انگلینڈ کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔ منگل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے 7 ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں مہمان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا سکی۔ پاکستانی اوپنرز محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا پراعتماد انداز میں آغازکیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 46 بالوں پر 68 اور کپتان بابراعظم نے 31 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اس کے بعد آنے والے بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے حیدر علی 11 اور اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے شان مسعود 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 17 بالوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نواز 4 اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ خوشدل شاہ 5 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اپنا پہلامیچ کھیلنے والے انگلینڈ کے فاسٹ بائولر لیوک ووڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیگ سپنر عادل رشید نے دو جبکہ سیم کرن اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے دیا گیا 159 کا ہدف انگلش ٹیم نے آخری اوور کی دوسری بال پر 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر فل سالٹ 10 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کا شکار بنے اس کے بعد ڈیوڈ ملان نے ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا تاہم ڈیوڈ ملان 20 رنز بنا کر 53 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے۔ انگلینڈ نے پہلی دو وکٹیں جلدی گرنے کے باوجود سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ تین سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے ایلکس ہیلز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ۔ انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 21 رنز بنا کر 87 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ہیری بروک نے ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر 55 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ ایلکس ہیلز 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک 25 بالوں پر 42 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستانی لیگ سپنر عثمان قادر نے 2، حارث رئوف اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح حاصل کرکے 7 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی، لیوک ووڈ مین آف دی میچ قرار