وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ہجری سال ِ 1445ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام.

اسلام آباد(ناصر عباس)پوری قوم اور امت مسلمہ کو میری جانب سے نیا اسلامی سال مبارک ہو. میری یہ دعا ہے کہ یہ نیا سال ملکِ پاکستان اور عالمِ اسلام کیلئے امن، ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو. میری یہ بھی دعا ہے کہ اس نئے سال میں پوری دنیا میں جہاں جہاں بھی مسلمان مصیبتوں کا شکار ہیں انکے لئے اللہ رب العزت بے شمار آسانیاں پیدا کریں. کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر چھائے ظلم و جبر کے اندھیرے چھٹ جائیں اور وہاں امن و آشتی کی صبح کا اجالا ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کی زندگی ترقی و خوشحالی سے روشن کر دے. نیا اسلام سال تاریخ کے ان تلخ لمحات کی بھی ہاد دلاتا ہے جب حق و باطل کے معرکے میں آلِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے رہتی دنیا تک امر ہوئے. سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے سچائی اور عدل و انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ جبر و استبداد کے خلاف ان کا غیر متزلزل یقین، جرأت، قربانی اور لگن کی لازوال مثال ہے۔ یہ واقعہ ہمیں ہمدردی، انصاف اور اتحاد کی ان اقدار کی یاد دلاتے ہیں جو ہمارے ایمان کا مرکزی جزو ہیں اور ہمیں ناانصافی اور جبر کے خلاف کھڑے ہونے اور ایک ایسے معاشرے کے لیے کام کرنے کا درس دیتے ہیں جہاں امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام غالب ہو۔ آج کے دن آئیں ہم عہد کریں کہ ہم اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کی طرف سے قائم کردہ اعلیٰ صفات کی تقلید کرنے کی کوشش کریں گے۔ آئیے ہم اپنے اختلافات سے قطع نظر رواداری، افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کے لیے احترام کو فروغ دیں۔ آئیے ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں جو سماجی انصاف، مساوات اور ہمدردی کے اصولوں کو برقرار رکھے۔ میری آج کے دن رب کے حضور یہ دعا ہے کہ جیسے اس نے اس ایک برس کی قلیل مدت میں ملک پاکستان کیلئے ہماری محنتیں اور ریاضتیں قبول کیں اور ہماری معاشی مشکلات میں خاطر خواہ کمی کی، ویسے ہی وہ ملکِ پاکستان کو ہمیشہ کیلئے ان مشکلات سے مبرا کردے. ہمارے پیارے ملک کو ترقی و معاشی خوشحالی کا گہوارہ بنا دے. میری یہ بھی دعا ہے کہ یہ نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن اور خوشحالی لائے اور ہم اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کے طور پر متحد ہوجائیں اور اپنے پیارے ملک کے روشن مستبقل کے لیے کا م کریں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ہجری سال ِ 1445ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام.