کیا ڈانلڈ ٹرمپ کو نااہل قراردیا جاسکتا ہے؟

امریکہ (معسود ابدالی سے) امریکہ میں 2024 کی انتخابی مہم شروع ہوچکی ہے( ریپبلکن پارٹی کی ٹکٹ کے سب سے مضبوط امیدوار ڈانلڈ ٹرمپ کو ٹیکس فراڈ، دستاویزات میں جعل سازی، قومی سلامتی سے متعلق حساس خفیہ فائلوں کی غیر مجاز افراد تک رسائی، انتخابی نتایج تبدیل کرنے کی سازش و بغاوت کے 100 الزامات پر مبنی چار مقدمات کا سامنا ہے۔ یہ تو آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ سابق صدر ضمانت پر ہیں۔ ان مقدمات کی وہ حیثیت نہیں کہ تھانے کے ایس ایچ و نے اپنے کسی اہلکار کی مدعیت میں پرچہ کاٹ دیا بلکہ جج کی نگرانی میں چار بااختیار جیوری Juryنے ان الزامات کی تفصیلی چھان پھٹک کے بعد مقدمات قائم کرنے کے متفقہ فیصلے کئے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان سنگین مقدمات کا سامنا کرنے والا شخص انتخاب لڑسکتا ہے؟ اسکا سادہ سا جواب یہ ہے کہ ہر ملزم معصوم ہے جب تک الزامات کسی مجاز عدالت میں ثابت نہ ہوجائیں۔ کچھ قانونی ماہرین نے سوال اٹھایا ہے کہ جناب ٹرمپ، اگر صدرمنتخب ہونے کے بعد مجرم قرار پاگئے تو کیا ہوگا؟ یہ سیانے کہہ رہے ہیں کہ جناب ٹرمپ نے امریکی دستور کی 14 ویں ترمیم شق 3 کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس شق (کی روح) کے مطابق جو شخص آئین کی حمایت میں عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد "بغاوت یا بغاوت میں ملوث" ہو اسے دوبارہ عہدے کا انتخاب لڑنے سے روکدینا چاہئے۔ امریکہ میں مرکزی الیکشن کمیشن نہیں اور انتخابات کا انعقاد وانتظام ریاستیں کرتی ہیں۔ انتخابات سے متعلق پالیسی کی تشکیل اور تنازعات نمٹانا ریاستی سکریٹری آف اسٹیٹ کی ذمہ داری ہے۔ نیوزویک کے مطابق ریاست کولوریڈو (Colorado) ، نیوہیمپشائر اور مشیگن کے سکریٹری آف اسٹیٹ کو تحریری درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں کہ پرائمری انتخاب میں ڈانلڈ ٹرمپ کا نام ریپبلکن پارٹی کے بیلٹ سے نکال دیا جائے۔غالب امکان ہے کہ چند او ر ریاستوں سے بھی یہ آوازیں اٹھیں گی اگر بیلٹ پیپر سے جناب ٹرمپ کا نام نکال دیا گیا تو کیا ہوگاِ؟ ڈانلڈ ٹرمپ بیلٹ پر نام نہ ہونے کے باوجود بھی انتخاب چیت سکتے ہیں۔ جی ہاں! امریکہ میں write in Ballotکا نظام ہے۔ یہاں بیلٹ پر نامزد امیدواروں کیساتھ ایک خانہ خالی رہتا ہے جس پر اپنی مرضی کے امیدوار کا نام لکھ کر اسے ووٹ دیا جاسکتا ہے ایسا دوبار ہوچکا ہے۔ ریاست الاسکا سے 2010 میں سینیٹ کیلئے ریپبلکن پارٹی کی سینئر رہنما لیسا مرکاوسکی Lisa Murkowskiپرائمری الیکشن ہارگئیں یعنی انھیں ٹکٹ نہیں ملا چنانچہ انکا نام بیلٹ پر نہیں تھا۔ مرکاوسکی صاحبہ نے اپنے ووٹروں سے درخواست کی کہ write in ballotکے ذریعے انھیں ووٹ دیں۔ الاسکا کے شہریوں نے بیلٹ پیپر کے خالی خانے میں لیسا مرکاوسکی لکھ کر انھیں جتادیا۔ 1954 میں ایسا ہی واقعہ جنوبی کیرولینا میں ہوا تھا۔ یہ راستہ جناب ٹرمپ کے پاس بھی موجود ہے۔

کیا ڈانلڈ ٹرمپ کو نااہل قراردیا جاسکتا ہے؟