پاکستانی سائیکلسٹس آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے

اسلام آباد۔:پاکستانی سائیکلسٹس آسٹریلیا میں ہونے والی ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے، چیمپئن شپ 17 سے 25 ستمبر تک آسٹریلیا میں منعقد ہوگی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہار علی شاہ کے مطابق پاکستانی سائیکلسٹس ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کے آئی ٹی ٹی ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ میگا ایونٹ میں دو مرد اور دو خواتین سائیکلسٹس حصہ لیں گے۔ اس سلسلے میں پی ایس ایف کے سیکرٹری معظم خان کی سربراہی میں دو رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی لاہور اور کراچی میں 5 اور 8 اگست کو ٹرائلز کا انعقاد کرے گی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے ماہم سلیکشن کمیٹی کی کوآرڈینیٹر ہوں گی جبکہ جاوید خان کو سندھ اور بلوچستان کے لئے سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی سندھ کے ممبران میں جاوید خان اور اشتیاق جبکہ پنجاب کی سلیکشن کمیٹی کے ممبران میں عدنان حسن خان، نصرت خان اور سردار نزاکت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں پاسپورٹس اور سائیکلنگ لائسنس کے حامل کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ میری تمام ٹیموں سے گزارش ہے کہ ٹرائلز میں بہترین کارکردگی کے حامل مرد و خواتین سائیکلسٹس کو نامزد کریں۔

پاکستانی سائیکلسٹس آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے