پاکستان کا 75 واں یوم آزادی اتوار کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا

پاکستان کے75 ویں یوم آزادی کےلئے ملک بھر میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی اتوار کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، یوم آزادی کے موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، دن کا آغاز ملک کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کےلئے خصوصی دعائوں سے ہوگا۔ یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو برصغیر کے مسلمانوں کےلئے ایک علیحدہ وطن بنانے کے لیے ان کی انتھک کوششوں پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہونگی جن میں تارکین وطن پاکستانی بھی شرکت کریں گے۔ یوم آزادی سے قبل سرکاری و نجی عمارتوں، بازاروں اور مارکیٹوں کو شاندار انداز میں سجایا گیا ہے۔ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں قومی پرچم، تحریک پاکستان کے بانیوں کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر ذرائع ابلاغ کی جانب سے دن کی مناسبت سے مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں، یوم آزادی کے موقع پراخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے۔ کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی شاندار تقریب منعقد ہوگی۔ یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب ہوگی۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ یوم آزادی کے موقع پر وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ دن کی مناسبت سے صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات کے خصوصی پیغامات جاری کئے جائیں گے۔ دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی کے سلسلہ میں خصوصی تقاریب میں پاکستانی تارکین وطن شریک ہوں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نتیجے میں 1947 میں اس روز پاکستان برطانیہ سے آزاد ہو کر معرض وجود میں آیا تھا۔ 14 اگست کا دن پاکستان میں سرکاری سطح پر بڑے دھوم دھام سے منایا جاتا ہے، پاکستانی عوام اس روز اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتے ہوئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سیمت اپنے قومی محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر قومی پرچم کی فروخت کے لئے سٹالز لگائے گئے ہیں جس سے اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی ہرطرف سبزہلالی پرچم کی بہار نظر آ رہی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن آزادی کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں، پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے پرچم بھی سٹالز پر موجودہیں۔ یوم آزادی منانے کا مقصد آزادی کے حصول کیلئے کی جانے والی جد وجہد اور پاکستان کے قومی ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تجدید عہد بھی کرنا ہے کہ ہم سب ملکر پاکستان کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچائیں کےلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔ یہ دن ہمیں اپنے آباو¿ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

پاکستان کا 75 واں یوم آزادی اتوار کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا