سفیر مسعود خان کی مشیل سیسن سے ملاقات ، پائیدار ترقیاتی اہداف ،ڈیجیٹل اور مواصلاتی روابط پر کثیر جہتی تعاون پر تبادلہ خیال

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل آرگنائزیشن افیئرز مشیل سیسن سے ملاقات کی اور رپائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) اور ڈیجیٹل اور مواصلاتی روابط پر کثیر جہتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتائی گئی۔ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نےکہا کہ امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات تعمیری ثابت ہوئی ہے۔ پاکستانی سفیر نے ٹویٹ میں بتایا کہ انہیں امریکی سفیر ،سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل آرگنائزیشن افیئرز مشیل سیسن سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مواصلاتی اور ڈیجیٹل شعبے میں وسیع اور کثیر جہتی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر امریکی سفیر مشیل سیسن نے کہا کہ پاکستانی سفیر مسعود خان کے ساتھ ملاقات میں اقوام متحدہ کے پائیدارترقیاتی اہداف پر دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات کی گئی۔ پاکستان اور امریکا تجارت، سرمایہ کاری،صحت، توانائی، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے رابطے کر رہے ہیں اور دونوں ممالک نیویارک میں اقوام متحدہ، جنیوا میں اقوام متحدہ کی تنظیموں اور ویانا ، نیروبی اور پیرس میں اقوام متحدہ کے خصوصی اداروں میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں اور آئندہ بھی فروغ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا خوراک کے تحفظ ، ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج اور عالمی مالیاتی ڈھانچےکے مسائل سے نمٹنے کے لیے قریب سے مل کر کام کریں گے جبکہ امریکا اور ترقی پزیر ممالک کے گروپ جی 77 باہمی مفاد کے معاملات پر مذاکرات کریں گے ۔ اس وقت پاکستان نیویارک میں جی 77کا چیئرمین ہے۔ حال ہی میں امریکا اور پاکستان کے درمیان صحت کے حوالے سے اعلی سطح کے مذاکرات منعقد ہوئے جس میں وبائی امراض کے خلاف، ماں اور بچے کی صحت ویکسین کی تیاری اور نان کمیون ایبل ڈیزیز زپر دونوں ممالک کے درمیان تعاون باہمی تعاون کو فروغ دیا گیا۔

سفیر مسعود خان کی مشیل سیسن سے ملاقات ، پائیدار ترقیاتی اہداف ،ڈیجیٹل اور مواصلاتی روابط پر کثیر جہتی تعاون پر تبادلہ خیال