ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔4اگست :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ قدرتی خوبصورتی اور بالخصوص شمالی علاقہ جات میں قدرتی حسن سے مالا مال ہونے کے ناطے وسائل کو ایک بہترین موقع میں تبدیل کر سکتا ہے۔ جمعہ کو یہاں “سلام پاکستان” برانڈ اور ای پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای پورٹل دنیا بھر میں سیاحت مقامات کو فروغ دینے اور سیاحوں کی رہنمائی میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایک بہترین ملک ہے۔ انہوں نے مشیر برائے سیاحت عون چوہدری کو ہدایت کی کہ وہ سیاحت کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مشیروں اور سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ صرف اپنے ہم منصبوں سے رابطوں کی بجائے دوسرے ممالک سے بھی رابطہ کریں جنہوں نے سیاحت، ثقافتی ورثے اور دیگر شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمارے ملک اور بالخصوص شمالی علاقہ جات میں قدرتی حسن کے لازوال قدرتی وسائل سے نوازا ہے جسے سیاحت کے فروغ کیلئے ایک عظیم موقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی ڈی سی نے توجہ مرکوز کرتے ہوئے دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کے لیے ایک مربوط حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا کے سب سے زیادہ سیاح دوست ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ٹورازم برانڈ کا آغاز اس مقصد کے حصول میں ایک اہم قدم ہے۔ “سلام پاکستان” کا نام پاکستان کے لیے سیاحتی برانڈ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ٹورازم برانڈ آف پاکستان کے مقاصد میں پاکستان کی ایک محفوظ، دوستانہ اور مہمان نواز قوم کے طور پر امیج اور تاثر کی تعمیر، ملک کو ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا، خاص طور پر بین الاقوامی سیاحوں کے لیے، تفریحی، کوہ پیمائی، مہم جوئی، ثقافتی، مذہبی سیاحت اور پرکشش مقامات کے طور پر فروغ دینا شامل ہے۔ پاکستان کے تاریخی، کھانوں، جغرافیائی اور سیاحت سے متعلق دیگر پہلوئوں اور صوبوں، علاقوں، شہروں وغیرہ کے تنوع کا فروغ بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔ مزید برآں خوراک، رہائش، سفر، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات وغیرہ کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پورٹل میں پاکستان کے 20 بہترین سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات موجود ہیں جن میں کے ٹو، گوادر، وادی زیارت، اچ شریف، دیوسائی نیشنل پارک، کالاش ویلی، تخت بھائی، ہنگول نیشنل پارک، شندور پاس، کمبھار جھیل، فیری میڈوز، رتی گلی، قلعہ لاہور، مکلی قبرستان، دراوڑ اور روہتاس قلعہ، وادی کمراٹ، وادی ہنزہ اور موہنجو داڑو سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ای پورٹل سیاحوں کو ساحلوں اور آبشاروں، فطرت اور زمین کے خوبصورت مناظر، تہواروں، روحانی سیاحت اور ماحولیاتی سیاحت کے بارے میں بھی رہنمائی کرتا ہے۔ تقریب میں ایران کے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری کے وزیر سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیر رضا امیری مغدام اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی ہے۔

ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف